3بار وزیراعظم رہنے والا کرپشن کی بدولت پابند سلاسل ہے: وفاقی وزیر داخلہ
منڈی فیض آباد، موڑکھنڈا، سیدوالا (نامہ نگاران) وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ تین بار وزیراعظم رہنے والا اپنی کرپشن کی بدولت اور مکافات عمل میں پابند سلاسل ہے اور اسے گھر کی روٹی بھی نصیب نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مقامی شادی حال میں ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت کے دور میںملک بھرکے بوگس مقدمات کا اندراج کرنے والے افسران کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوںنے مزید کہا کہ بطور وفاقی وزیرداخلہ انکی کوشش ہے کہ کسی سے ظلم اور زیادتی نہ ہو۔ اور قبضہ گروپوں اور بھتہ وصول کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائیگا۔انہوں نے منڈی فیض آباد کے شہریوں کو خوشخبری دی کہ مستقبل قریب میںگورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میںکلاسزکا اجراء سمیت نادرہ آفس، پاسپورٹ آفس اور سیورج سسٹم کو بہتر کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائینگے۔سماجی شخصیت اور چیرمین آر۔سی۔ڈی۔ایس محمد مرتضیٰ کھوکھراورکرنل(ر) مختار بھٹی نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر چیرمین اوور سیسز پاکستانی پیر طارق حسین شاہ،کوارڈینٹر پیر سرور شاہ،سابقہ تحصیل ناظم طاہر منظور گل،شیخ نعیم بٹہ، عمران انور اور حاجی عبدالغنی بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر اعجاز احمد شاہ نے گزشتہ روز موڑکھنڈا کا دورہ بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ اب حلقہ بھر میںبھتا مافیا ۔جوا کلچر اور بدمعاشی کرنے والے عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاے گا۔ اس موقع پر سابق یو سی چیئرمین ملک محمد نواز چدھڑ پی ٹی آئی رہنما شیخ عبدالخالق پاکستانی،چودھری غلام رسول نواز سندھو نے خطاب کرتے ہوے موڑکھنڈا کو تحصیل بنانے۔لڑکوں اور لڑکیوں کے کے لیے ڈگری کالج،علاقہ کے لیے سیوریج سسٹم اور ننکانہ صاحب میں ٹیکنیکل ادارے کے قیام کا مطالبہ پیش کیا ۔جن کو وفاقی وزیر داخلہ نے جلد منظور کروانے کا وعدہ کیا۔ دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ نے سیدوالا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الحمداللہ پاکستان میں تبدیلی کا آغاز ہو گیا ہے۔ہر کرپٹ شخص کے احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ اپوزیشن جتنی بھی چیخ و پکار کرے احتساب کا عمل ہر گز رکنے والانہیں ۔حکومت جانے کی باتیں کرنے والے سن لیں پی ٹی آئی آئندہ بیس سال تک تو حکومت کرے گی۔ قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ نے احاطہ سنئیہ دا میں آغا محمد علی المعروف آغا جانی اور آغا عشرت عباس،چک نمبر 13 میں چوہدری سعید احمد گجر ،پل پیپلاں میں چوہدری محمد اصغر جٹ ،چک نمبر 11 میں سردار محمد نواز لٹھا ڈوگر کے ڈیرہ پر اپنے استقبال کے آنے والے لوگوں سے مختصر خطاب کیا ۔بعد ازاں انہوں نے سیدوالا میں بنائے جانے والا نیا نادرہ آفس کا افتتاح بھی کیا انہوں نے سیدوالا جڑانوالہ روڈکیلئے بھا ری رقم منظور ہونے ،بڑا گھر میں اراضی سنٹر کی تعمیر اور کئی لنک سڑکوں کی تعمیر کیے جانے کی خوشخبری بھی سنائی۔