تمام رہنما پابند سلاسل کردیں پھر بھی عوام حکومت کیخلاف احتجاج کرینگے:سیف الملوک کھوکھر
لاہور(نیوزرپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے رہنما و ایم پی اے ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مسلم لیگ (ن) کو دیوار کے ساتھ لگا کر عوام کی توجہ کو تقسیم نہیں کر سکتی نہ ہی عوام کی توجہ مہنگائی بے روز گاری سے ہٹا سکتی ہے اگر (ن) لیگ کے سارے لیڈروں اور کارکنوں کو بھی پابند سلاسل کردیا گیا تو تب بھی عوام کا ایک سمندر جلد ہی اس حکومت کے خلاف سڑکوں پر ہو گا کیونکہ اس حکومت نے عام آدمی کی زندگی کواس قدر مشکل کردیا ہے کہ اس کا سانس لینا بھی مشکل ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی پی ٹی آئی سے یہی کہتے ہیں کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور اپنے اندر برداشت پیدا کرے مخالف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں اور ان کے کارکنوں کو برداشت کرنا ہی اصل سیاست ہے وہ یہ بات بھی یاد رکھیں کہ حکومتیں آنی جانی چیزیں ہوتی ہیں اصل بات ہوتی ہے عوام کے دلوں پر حکمرانی کرنا لیکن پی ٹی آئی نے اپنی پالیسوں سے عوام کو اس قدر مایوس کردیا ہے۔ کہ اس کے اپنے ورکرز بھی اس کی پالیسوں سے خوش نہیں ہیں ۔