عمران نے دورہ امریکہ سے قبل کسی سے مشاورت نہیں کی:لیاقت بلوچ
لاہور (سپیشل رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے لاہور میں بلوچستان کے طلبہ وفد سے ملاقات اور دی پنجاب سکول میں استاد اور سابق طالبعلم کے پی ایچ ڈی ڈگری کے حصول کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکہ سے پہلے خطہ کی حساس صورتحال میں ایران ، ترکی ، سعودی عرب اور کابل میں سفارت کاری نہیں کی اور نہ ہی پارلیمنٹ اور قومی قیادت سے کوئی مشاورت کی ہے ۔ پاکستان کے عوام کشمیر، ایٹمی صلاحیت ، ایران اور افغانستان کے حوالوں سے کسی کمزور موقف کی مزاحمت کریں گے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ بلوچستان خطہ کا اہم ترین اور پاکستان کا حساس ترین صوبہ ہے ۔ صوبہ میں حکومت مفلوج اور گورننس لاپتہ ہے ۔ریکوڈک کیس میں عالمی عدالت سے جرمانہ وفاقی حکومت کی نالائقی اور مرکزکی سطح کے اقدامات کی بری مثال ہے ۔صوبہ میں کرپشن کی حالت بدترین اور نیب کا کردار عملاً سہولت کار کا بنا ہواہے ۔ بلوچستان بلدیاتی نظام سے محروم ہے ۔ بجلی ، پانی ، تعلیم ، صحت ، صفائی کے گھمبیر ،مسائل ترقیات کے نام پر اب بھی اربوں روپے ہڑپ ہو رہے ہیں ۔گوادر اور ساحلی علاقوں کے ماہی گیروں کا حکومتی سرپرستی میں معاشی قتل ہورہاہے ۔ سی پیک کے عظیم منصوبہ سے بلوچستان کے عوام عملاً محروم ہیں ۔