حکومت کا مقصد عام لوگوں کیلئے آسانیاں پیداکرنا ہے:مومنہ وحید
لاہور( لیڈی رپورٹر) چیئر پرسن سٹیڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم مومنہ وحید نے کہا ہے کہموجودہ حکومت کا مقصد عام لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے، اس سلسلے میں ریلوے کو ترقی دے رہے ہیں، میانوالی ایکسپریس کے آغاز سے علاقے کے لوگوں کو آسان سفر کی سہولت میسر آئے گی، ایم ایل ون منصوبے سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلاب آئے گا، ملک کو لوٹنے والوں کے احتساب کا وعدہ پورا کریں گے، بے نامی جائیدادیں ضبط ہونا شروع ہو گئی ہیں، قوم کا لوٹا گیا پیسہ وصول کر کے غریبوں کی فلاح کے احساس پروگرام پر خرچ کیا جائے گا جب ہماری حکومت آئی تو اس وقت بہت مشکلات درپیش تھیں، گزشتہ حکمرانوں کی جانب سے دس سالوں میں لئے گئے قرضوں پر سود کی واپسی کیلئے ہمیں قرضے لینے پڑ رہے ہیں تاہم اب حالات بہتر ہو رہے ہیں، وسائل بڑھیں گے تو عام آدمی کو صحت، تعلیم اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کا منصوبہ بہت اہم ہے، اس سلسلے میں چین کے ساتھ کے ایم او یو کیا گیا ہے جس کے تحت کراچی سے لاہور کا سفر آٹھ گھنٹے کا ہو گا جس سے لوگوں کو آسانی ہو گی، اس سے سڑکوں پر لوڈ کم ہو گا جبکہ پاکستان میں سفر اور کارگو کے شعبے میں انقلاب آ ئے گا۔