پاکستان کے فیصلے حکومتی ایوانوں نہیں کہیں اورہورہے ہیں:امیرالعظیم
لاہور ( سپیشل رپورٹر) سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو اب بھی یقین نہیں کہ وہ حکومت میں ہیں ، فیصلے ایوانوں میں نہیں کہیں اور ہورہے ہیں ،آئی ایم ایف جو بھی فیصلہ کرتی ہے وہ من وعن تسلیم کرلیا جاتا ہے، حکمرانوں میں دم مارنے کی جرأ ت نہیں۔ حکومت کی معاشی پالیسیاں بری طرح ناکام ہوگئی ہیں ۔ مہنگائی ،بے روز گاری اور غربت نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے ،حکومت آئے روز ضروریات زندگی کی قیمتیں بڑھا کر عوام کی مشکلات میں اضافہ کررہی ہے ۔معاشی بدحالی میںدن بدن اضافہ ہورہا ہے ۔حکومت نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو مایوس کیا ہے ،ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرنے والوں نے پانچ لاکھ سے زائد لوگوں سے روز گار چھین لیا ہے اور پچاس لاکھ گھربنانے کا نعرہ لگانے والوں نے ہزاروں لوگوں کو بے گھر کردیا ہے ۔