تمباکو نوشی ہر شکل میں انتہائی مضر صحت ہے:خالد مقبول
لاہور(نیوزرپورٹر) چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ لیفٹننٹ جنرل (ر)خالد مقبول نے کہا ہے کہ تمباکو نوشی ہر شکل میں انتہائی مضر صحت ہے اور نوجوان نسل کو سگریٹ نوشی، پان اور گٹکا کے استعمال سے بچانے کے لیئے موثر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ خالد مقبول کا کہنا تھا کہ انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اس مہم میں لیڈنگ رول ادا کر سکتا ہے۔انہوںنے ان خیالات کا اظہار انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ (IPH) اور عالمی ادارہ صحت (WHO) کے اشتراک سے تمباکو نوشی کے بارے آگاہی سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ڈائریکٹر Mr. Mahi Pala نے تمباکو نوشی کے بارے عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز بارے روشنی ڈالی۔ ماہی پالا نے تمباکو نوشی کی نوجوان نسل میں حوصلہ شکنی کے لیئے جدید خطوط پر آگاہی مہم استوار کرنے اور لائف سٹائل میں تبدیلی کے ساتھ مروجہ قوانین پر عملدرآمد پر بھی زور دیا۔ سیمینار سے سابق پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر شوکت محمود نے کہا کہ سگریٹ آوٹ تمباکو پر بھارے ٹیکسز کے باوجود سگریٹ انڈسٹری بہت پرافٹ کما رہی ہے اور تمباکو نوشی کرنے والے نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا تمباکو نوشی کے خلاف وار فوٹنگ پر اقدامات کی ضرورت ہے۔