مانسہرہ :متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ آج ملک میں حق و باطل کے درمیان جنگ ہے ۔ ووٹ انتہائی قیمتی ہے ۔ اقتدار کے لیے ووٹ کی پرچی سے فتح حاصل کریں گے ۔ تمام دینی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں جن قوتوں نے ملک کو ستر سالوں میں امن نہیں دیا ، ان ناکام لوگوں کو مزید حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ۔ عوام اپنے ووٹ سے سیاسی بساط تبدیل کر سکتے ہیں ۔ جماعتوں کی شناخت ان کا منشور اور کردار ہوتاہے ۔ قیام پاکستان سے اب تک دین بے زار قوتیں ملکی اقتدار پر قابض ہیں ۔ ہم نے نظریاتی لحاظ سے قوم کی ترجمانی کی ۔ قوم کے لیے آزمائش ہے کہ ملکی اختیار کن ہاتھوں میں دیناہے ۔ دینی جماعتوں نے ملک کو امن دیا ہے ۔ ووٹ سے بڑھ کر کوئی امانت نہیں اسے ضمیر کے خلاف استعمال نہ کریں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مانسہرہ میں بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے بھی خطاب کیا ۔مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ عوام اپنے ووٹ کی قوت سے ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کار استہ ہموار کر سکتی ہے ۔ متحدہ مجلس عمل ہی ملکی حالات تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جن لوگوں نے قوم کے ستر سال ضائع کیے ، ان سے کسی تبدیلی کی توقع رکھنا اپنے آپ کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے ۔ جو لوگ بیرونی ایجنڈے پر کاربند ہیں ، وہ پاکستان کے عوام کے لیے کچھ نہیں کر سکتے ۔ انہوںنے کہاکہ آج تمام بڑی دینی جماعتیں ایک پیج پر ہیں ۔ عوام ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے متحدہ مجلس عمل کو کامیاب کریں ۔ انہوںنے کہاکہ ووٹ انتہائی اہم فریضہ ہے ووٹ کے وزن کو اسلامی نظام کے نفاذ کے پلڑے میں ڈالا جائے ۔ ہم اقتدار کے ایوانوں میں ووٹ کی قوت سے پہنچیں گے اب دینی قوتوں کا راستہ روکنے کی کسی میں قوت نہیں ، 25 جولائی ملک میں اسلامی قوتوں کی فتح کا دن ہوگا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ 25 جولائی کے الیکشن اسلام اور سیکولر قوتوں کے درمیان جنگ ہے ۔ ہمارا مقابلہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہے جو ایک بار پھر اپنے آلہ کاروں کو اقتدار کے ایوانوں پر مسلط کرنا چاہتے ہیں مگر پاکستان کے غیرت مند اور اسلام پسند عوام اس بار ان کی سازشوں کو ناکام بنادیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ سابق حکمرانوں نے ملکی جغرافیہ اور قومی اتحاد کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔ ستر سال تک حکمرانی کرنے والے ایک بار پھر چہرے اور پارٹیاں بدل کر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کرر ہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ مجلس عمل پاکستان میں قرآ ن و سنت کی بالادستی چاہتی ہے اور ملک میں مدینہ منورہ جیسا نظام قائم کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ خوف اور دھمکیوں کے باوجود مانسہرہ میں اتنا بڑا جلسہ کامیاب عوامی شو ہے ۔ 25 جولائی احتساب کا اور انقلاب کا دن ہے ۔ عوام اپنے ووٹ کی قوت سے کرپٹ اور بددیانت ٹولے کا احتساب کریں اور متحدہ مجلس عمل کو کامیاب کرائیں تاکہ اقتدار میں آ کر ان لٹیروں سے قومی خزانے سے لوٹی گئی ایک ایک پائی وصول کی جائے ۔ ہم پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ اسلامی ریاست بناناچاہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل اقتدار میں آکر سودی نظام ختم کردے گی اور اسلامی نظام معیشت رائج کیا جائے گا تاکہ عوام کو سود ،مہنگائی اور ٹیکسوں کے بوجھ سے نجات مل سکے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کامیاب ہو کر قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی قید سے رہائی دلائے گی ۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024