الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں ووٹنگ کا طریقہ کار وضع کردیا،عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے بیلٹ پیپر کا رنگ سبز اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے بیلٹ پیپر کا رنگ سفید ہوگا۔الیکشن کمیشن کے وضع کردہ طریقہ کار میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں پولنگ افسر ووٹر کا اصل قومی شناختی کارڈ چیک کرے گا، پولنگ افسرشناختی کارڈ کی چیکنگ کے بعد ووٹرلسٹ میں درج نام چیک کرے گا اور ووٹر کا نام اور سلسلہ نمبر پولنگ ایجنٹس کے لیے بلند آواز میں پکارا جائےگا۔الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹر کا سیدھی لکیر دے کر لسٹ سے نام کاٹ دیا جائے گا جس کے بعد کاﺅنٹر فائلر پر ووٹر کے انگوٹھے کا نشان لیا جائے گا، پھر انگوٹھے کے ناخن کے جوڑ پر ان مٹ سیاہی کا نشان لگایا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلی کے لیے اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسر بیلٹ پیپر کی پشت پر دستخط کرے گا، دستخط لینے کے بعد ووٹر کو سبز رنگ اور سفید بیلٹ پیپر جاری کیا جائے گا اور ووٹر ووٹنگ اسکرین کے پیچھے جا کر اپنے پسندیدہ امیدوار کے انتخابی نشان پر مہر لگائے گا۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ قومی اسمبلی کا سبز بیلٹ پیپر سبز ڈھکن والے جب کہ صوبائی اسمبلی کا سفید بیلٹ پیپر سفید ڈھکن والے باکس میں ڈالا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل 25 جولائی کو صبح 8 بجے شروع ہوگا اور شام 6 بجے ختم ہوگا، پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشن کا دروازہ بند کر دیا جائے گا اور وقت ختم ہونے پر پولنگ سٹیشن کے اندر موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی.
عام انتخابات2018:الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کا طریقہ وضع کردیا
Jul 21, 2018 | 11:13