الیکشن اور سیاسی گہما گہمی
مکرمی ! عوام سیاستدانوں کو اپنا قیمتی ووٹ دے کر انہیں اپنا بہتر نمائندہ سمجھ کر منتخب کرتے ہیں تاکہ ان کے مسائل کو حل کیا جاسکے اور ان کی پریشانیوں اور مشکلات میں کمی لائی جاسکے مگر افسوس ہمارے ہاں ایسا نظام ہے کہ لوگوں کو درپیش مسائل حل کرنے کی بجائے سیاستدان اپنے مسائل پر بحث و مباحثہ کرتے نظر آتے ہیں ۔ الیکشن قریب آتے ہی ہر سیاسی پارٹی اپنی مہم میں سرگر م ہے لیکن ان کا بنیادی مقصد ایک دوسرے کے خلاف دشنام طرازی اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانا ہے ٹی وی پر بھی ٹاک شوز میں بھی تنقید کے نام پر عجیب گفتگو ہوتی ہے ہر کوئی اپنی پارٹی کے گن گاتا نظر آتا ہے جبکہ مخالف پارٹی انتہائی کرپٹ ، نالائق اور نااہل ہوتی ہے۔ حکمران ووٹ حاصل کرنے کےلئے یہی تقریر کرتے نظر آتے ہیں کہ ان کی پارٹی نے اس ملک کے لئے بہت کچھ کیا اور یہی دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کی پارٹی سے بہتر اس ملک کے لئے کوئی ہو ہی نہیں سکتا۔ عوام کو خود بیدار ہو کر سیاستدانوں کو اس بات کا احساس دلانا ہوگا کہ یہ ملک مذاق نہیں ہے اور عوام مزید سیاسی جنگ برداشت نہیں کر سکتے ۔ خدارا! سب کو مل کر عوام کے مسائل حل کرنے ہوں گے اور اس ملک کو سرسبز و شاداب پاکستان بنانا ہوگا نفرتوں کی بجائے پیارومحبت سے مل جل کر ہم اس ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل کر سکتے ہیں ۔ (عافیہ اسد ، لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی)