ایک ٹی وی چینل پر بالکل مختلف اور اچھا پروگرام اینکر پرسن ڈاکٹر فضہ خان نے کیا جس میں نعیم مسعود اور مصطفی کما ل پاشا بھی شریک گفتگو تھے۔ نعیم مسعود تو نوائے وقت کے کالم نگار ہیں اور بڑی کشادہ طبیعت کے مالک ہیں۔ مصطفیٰ کمال پاشا بھی بہت پہلے کے ساتھی ہیں مگر میری گزارش محترم جنید انصاری سے ہے کہ اس پروگرام میں گفتگو کرنے والے وہ دوست ہونا چاہئے تھے جو دو بیویاں رکھتے ہوں۔ اس پروگرام کے لئے آئیڈیا بھی جنید صاحب کا تھا جو پسند آیا۔ خیر نعیم مسعود، مصطفیٰ پاشا نے دو شادیاں کر رکھی ہوں مگر کسی کو پتہ نہ چلنے دیا ہو۔ بہرحال یہ پروگرام میں نے بڑے اہتمام سے دیکھااور خوش ہوا۔ یوں لگتا تھا جیسے یہ پروگرام کوہ نور پر بیٹھے ہوئے کیا جا رہا ہو۔
ڈاکٹر فضہ اکبر خان نے بڑی کشادگی اور سرشاری سے پروگرام کیا اور بہت اچھی باتیں کیں۔ کبھی کبھی ہوتا ہے کہ اینکر پرسن مہمانوں سے زیادہ دلچسپ باتیں کر جاتا ہے۔ تقریباً تمام سیاستدانوں کا ذکر کیا گیا جنہوں نے دو شادیاں کر رکھی ہیں۔
ڈاکٹر فضہ نے تقریباً پچاس کے قریب سیاستدانوں، حکمرانوں ا ور ممبران اسمبلی اور اُن کی دونوں بیویوں کے نام بتائے کہ میں حیران رہ گیا۔ یہ ریسرچ کسی معمولی آدمی کا کام نہیں۔ میں صرف دو شادیاں کرنے والے حضرات کے نام نوٹ کر سکا۔ اُن کی بیویوں کے نام میں محفوظ نہیں کر سکا اور یہ میں چاہتا بھی نہ تھا۔ اب میں ان میں سے کچھ لوگوں سے ملنا چاہوں گا۔ بہت سے لوگوں سے تو ملاقات ہے۔ مگر اب ان کے ساتھ ملنے کا لطف آئے گا۔ میں ان کو تسلی دلائوں گا۔
اسلام میں دوسری شادی کرنے کیلئے پہلی بیوی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں مگر پاکستان میں اجازت لینا ضروری ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ایک ممبر اسمبلی سے پوچھ لیا کہ آپ نے پہلی بیوی سے اجازت لی تھی۔ اسی طرح سعد رفیق نے کبھی تسلیم نہ کیا مگر الیکشن نے سب بھانڈا پھوڑ دیا۔
ایک آدمی نے جب پانچویں عورت کو شادی کیلئے پسند کیا تو اس نے پہلی چار بیویوں سے ایک کو طلاق دیدی۔ یہ پروگرام اتنا دلچسپ تھا کہ میرا جی چاہا کہ میں بھی دوسری شادی کر لوں مگر پھر بے قرار ہوکر بیٹھ گیا۔ ایک سٹوڈنٹ لڑکی کی شادی میں اہلیہ رفعت خانم کے ساتھ شریک تھا۔ شادی بہت رونق والی تھی۔ مگر مجھے یاد آیا کہ ہماری شادی بہت بے رونق تھی۔ کوئی گہماگہمی نہ تھی۔ اس کا میری اہلیہ کو بہت رنج ہے۔ میں نے اس کے کان میں کہا کہ ہم دونوں اسی طرح کی دوسری شادی پھر کر لیتے ہیں بڑا مزا آئے گا اور تمہاری خفگی بھی مٹ جائے گی۔ اس نے جو مجھے جواب دیا‘ میں لاجواب ہو گیا مگر خوش ہو گیا۔ وہ بولی کہ میں دوسری شادی کی اجازت تمہیں اپنے آپ کے ساتھ بھی نہیں دوں گی۔
پروگرام میں اینکر پرسن نے یہ بھی کہا کہ جب دوسری شادی کر ہی لی تو اسے چھپانے کی کیا ضرورت ہے مگر چھپانے کا فائدہ کیا کہ ایک ٹی وی پروگرام میں اتنے لوگوں کا راز فاش کر دیا گیا۔
عمران خان نے تین شادیاں کی ہیں مگر پہلی بیوی کی موجودگی میں شادی نہیں کی۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024