وزیر داخلہ سندھ منظور وسان کی یقین دہانی پر کے ای ایس سی کے برطرف ملازمین نے ہیڈ آفس کا گھیراؤ ختم کر دیا، کے ای ایس سی کی تنصیبات پر رینجرز تعینات ۔
کے ای ایس سی کی طرف سے کراچی میں آپریشنل سرگرمیاں معطل کیے جانے کے اعلان کے بعد برطرف ملازمین نے ہیڈ آفس کا گھیراؤ کرلیا تھا جس کی وجہ سے دفتر میں سینکڑوں اہلکار محصور ہو گئے تھے۔ وزیر داخلہ سندھ منظور وسان سے ملاقات کے بعد یونین رہنماؤں نے رات گئے ہیڈ آفس کا گھیراؤ ختم کرنے کا اعلان کیا۔ منظور وسان نے کہا کہ احتجاجی ملازمین کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گااورآج دوپہر گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں معاملات طے کر لئے جائیں گے۔اس سے پہلے پولیس نے ریسکیو آپریشن کے ذریعے کے ای ایس سی ہیڈ آفس میں محصور ملازمین کو رہائی دلوائی۔ادھر کے ای ایس سی تنصیبات اور املاک کے تحفظ کے لئے رینجرز اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔