آپریشن الائونس نہ ملنے کیخلاف ریلوے ملازمین کی ہڑتال‘ 5 گھنٹے تک ٹرینوں کی آمدورفت معطل
لاہور (سٹاف رپورٹر + ریڈیو مانیٹرنگ + ایجنسیاں) آپریشن الائونس نہ ملنے کیخلاف ریلوے ملازمین نے گزشتہ روز ہڑتال کی اور شدید احتجاج کیا۔ ٹریفک یارڈ ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث لاہور سمیت ملک بھر میں ٹرین آپریشن 5 گھنٹے تک معطل رہا جس کی وجہ سے لاہور سے کراچی، پشاور، اسلام آباد اور دیگر اضلاع کو جانیوالی ایکسپریس اور میل و پسنجر ٹرینیں لاہور ،لاہور کینٹ ،شاہدرہ، فیصل آباد‘ گجرات اور دیگر سٹیشنوں پر گھنٹوں کھڑی رہیں۔ دور دراز کی منزلوں کو جانے والے بزرگ مسافر،خواتین اور بچے سخت گرمی اور حبس میں بلبلاتے رہے ۔ ریلوے انتظامیہ نے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کے لئے پولیس کمانڈوز کو طلب کر لیا، بعدازاں ریلوے یارڈ سٹاف ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور ریلوے انتظامیہ میں مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا جس کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت دوبارہ شروع کر دی گئی۔ ٹریفک یارڈ ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل شجاعت حسین شاہ نے کہا ہے کہ ریلوے انتظامیہ گزشتہ 2برس سے ہمیں آپریشنل الاونس نہیں دے رہی اور ہم نے 20مئی کو کام چھوڑ ہڑتال کا اعلان ایک ماہ قبل ہی کر دیا تھا مگر انتظامیہ نے توجہ نہیں دی۔ گزشتہ روز ٹریفک یارڈ ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث لاہور ریلوے سٹشن پر قراقرم ایکسپریس، کوئٹہ ایکسپریس،نائٹ کوچ، ریل کار، نان سٹاپ راولپنڈی ایکسپریس، نارووال پسنجر، پاکپتن پسنجر، اور اوکاڑہ پسنجر جبکہ فیصل آباد میں غوری ایکسپریس، لاہور کینٹ پر علامہ اقبال ایکسپریس، شاہدرہ میں کراچی جانیوالی علامہ اقبال ایکسپریس، مسن کالر میں فیصل ایکسپریس، گجرات میں جعفرایکسپریس اور کالا شاہ کاکو میں تیز رو کئی گھنٹے تک رکی رہی۔ علاوہ ازیں ریلوے ملازمین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ریلوے ٹریک پر کھڑے ہو کر احتجاجی ریلیاں منعقد کیں اور تمام ریلوے ٹریفک کو روک دیا۔ ثناء نیوز کے مطابق لاہور سے ملک بھر میں جانے والے 10 سے زائد ٹرینیں متاثر ہوئیں۔ علاوہ ازیں ٹریفک یارڈ ایسوسی ایشن اور اے جی ایم ٹریفک جنید قریشی نے کہا کہ ریلوے انتظامیہ نے ہمارے مطالبات وزارت ریلوے کو بھجوانے کی یقین دہانی کرائی ہے لیکن جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ہم کام پر واپس نہیں جائیں گے۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق شاہدرہ ریلوے سٹیشن پر سینکڑوں ریلوے ملازمین نے ا پنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا اور مسافر گاڑیوں کو روک دیا۔ ملازمین نے دھرنا دے کر مظاہرہ کیا۔ شاہدرہ کے قریب ٹرینیں ویران جگہ پر کھڑی رہی۔ گاڑیاں رک جانے سے درجنوں مسافر بے ہوش ہو گئے۔