لاہور: لاہور انارکلی دھماکے میں ملوث مبینہ دہشت گرد کی تصویر منظر عام پر آ گئی.تفتیشی ٹیموں کو جائے وقوعہ سے بال بیرنگ بھی مل گئے. وقوعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
لاہور گذشتہ روز خوفناک دھماکے سے لرز اٹھا .جس میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 29 زخمی ہوئے۔ دھماکے میں ڈیڑھ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ درج کی گئی ایف آئی آر میں دہشت گردی، ایکسپلوزوایکٹ سمیت 302 اور 324 کی دفعات لگائی گئی ہیں. متن کے مطابق تین دہشت گرد بارودی مواد رکھنے کیلئے موٹر سائیکل پر آئے.تفتیشی ٹیموں کو جائے وقوعہ سے بال بیرنگ مل گئے.مزید تفتیش جاری ہے۔دھماکے کے باعث شہر کی فضا آج بھی سوگوار ہے. جائے وقوعہ پر جلی ہوئی موٹرسائیکلیں موجود جبکہ سامان بکھرا پڑا ہے۔ بارودی مواد کے پھٹنے سے تقریباً ڈیڑھ فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا۔ تفتیشی ٹیموں نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شواہد اکٹھے کر لئے جن سے پتہ چلا ہے کہ دھماکے کیلئے 2 سہولت کار اور ایک مبینہ دہشتگرد انارکلی پہنچے. 2 سہولت کار سرکلر روڈ سے آئے جبکہ مبینہ دہشتگرد پان گلی سے آیا. مبینہ دہشتگرد نے بیگ بینک کے سامنے رکھا اور سرکلر روڈ پر چلا گیا۔