
رومانیہ کے وزیر کھیل ایڈورڈ نویک بیجنگ اولمپک سرمائی کھیلوں میں شرکت کریں گے۔ رومانیہ کی اولمپک اینڈ اسپورٹس کمیٹی(سی او ایس آر) کی جانب سے جمعرات کو 22 کھلاڑیوں کے ساتھ 52 رکنی اولمپک دستے کے اعلان کے بعد نویک نے اپنے سوشل میڈیا اکانٹ پر لکھا ہے کہ "میں بیجنگ 2022 میں اولمپک سرمائی کھیلوں کے لئے کوالیفائی کرنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتا ہوں جو میری نگاہ میں ہیرو کا درجہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے عزم اور مضبوطی کے ساتھ مناسب بنیادی ڈھانچے کے بغیر، روایت اور تمام ضروری وسائل رکھنے والے ممالک سے زیادہ تیاری کی ہے۔ " رومانیہ کی اولمپک اینڈ اسپورٹس کمیٹی نے اعلان کیا کہ 8 خواتین اور 14 مرد کھلاڑیوں کے ساتھ رومانیہ کے 22 ایتھلیٹس لیوگ، باب سلیگ، سکیلیٹن، الپائن اسکینگ، کراس کنٹری اسکینگ، اسکی جمپ، بائیتھلون اور اسپیڈ اسکیٹنگ میں حصہ لیں گے۔ دریں اثنا بیجنگ گیمز کی افتتاحی تقریب میں رالوکا سٹرا ماٹورو(لیوگ) اور پال پیے پینے(کراس کنٹری اسکینگ)کو رومانیہ کا پرچم اٹھانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔