
لائبیرین صدر کا چرچ سے متصل علاقے کا دورہ ‘افسوسناک واقعہ پر 3روزہ قومی سوگ کا اعلان
افریقی ملک لائبیریا میں چرچ کے اجتماع میں بھگدڑ مچنے سے 11 بچوں سمیت 29 افراد ہلاک، درجنوں زخمی ہو گئے‘لائبیرین صدر کا چرچ سے متصل علاقے کا دورہ ‘افسوسناک واقعہ پر 3روزہ قومی سوگ کا اعلان ۔ لائبیرین پولیس کے مطابق دارالحکومت کے گنجان آباد ساحلی علاقے میں چرچ کی تقریب جاری تھی کہ اچانک دعائیہ تقریب میں سٹریٹ گینگ کے مسلح شخص گھس آئے، لوگ خوف وہراس کے باعث بھاگے جس سے اموات ہوئیں۔مرنے والوں میں گیارہ بچے بھی شامل ہیں، لائبیرین صدر نے چرچ سے متصل علاقے کا دورہ کیا اور افسوسناک واقعہ پر تین دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے ۔مقامی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ واقعہ دارالحکومت منروویا میں دعائیہ اجتماع میں پیش آیا، متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے اور ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔تقریب میں شریک ایک رہائشی نے بتایا کہ بھگدڑ اس وقت شروع ہوئی جب مسلح افراد کے ایک گروپ نے ڈکیتی کی کوشش میں ہجوم پر حملہ کیا۔موریاس نامی شخص نے بتایا کہ ہم نے ایک گروپ کو کٹ گلاسز اور دیگر ہتھیاروں کے ساتھ ہجوم کی جانب آتے دیکھا، دوڑنے کے دوران کچھ لوگ گر گئے۔خیال رہے کہ لائبیرین اسٹریٹ گینگز کے گروہ جو زوگوس کے نام سے مشہور ہیں، عام طور پر چاقو اور دیگر چھوٹے ہتھیاروں سے ڈکیتی کرتے ہیں۔پولیس کے ترجمان موسی کارٹر نے واقعے کی وجہ بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں۔ صدر جارج ویہ نے 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا اور کہا کہ لائبیرین ریڈ کراس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کو متاثرین کی مدد کے لیے بلایا گیا ہے۔