پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آراے)نے غیر رجسٹرڈ ریسٹورنٹس کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کا آغاز کر دیا
لاہور( کامرس رپورٹر )پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آراے)نے غیر رجسٹرڈ ریسٹورنٹس کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کا آغاز کر دیا ہے اس ضمن میں فوڈ آئٹمز سپلائی کمپنی کے ساتھ رجسٹرڈ 7 ہزار ریسٹورنٹس کی تفصیلات حاصل کرکے 4 ہزار غیر رجسٹرڈ ریسٹورنٹس کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کیلئے سکروٹنی شروع کردی گئی۔پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے فوڈ آئٹمز سپلائی کمپنی کے ذریعے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سروسز دینے والے 7 ہزار ریسٹورنٹس کی تفصیلات حاصل کرکے سکروٹنی کا عمل شروع کردیا گیا۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی میں لاہور سمیت صوبہ بھر کے تین ہزار ریسٹورنٹ رجسٹرڈ ہیں۔ فوڈ آئٹمز سپلائی کمپنی کی طرف سے فراہم کی گئی فہرست کے مطابق 4 ہزار ریسٹورنٹس تاحال پی آر اے میں رجسٹرڈ نہیں۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے 4 ہزار ریسٹورنٹس کے ریکارڈ کی چھان بین کا عمل شروع کردیا ہے۔پی آراے ذرائع کا کہنا ہے کہ سالانہ ساٹھ لاکھ روپے تک آمدن حاصل کرنے والے ریسٹورنٹس کو نوٹسز بھیج کر ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا۔