صنعت کاری کے عمل کو تیز کر کے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا حکومت کی پالیسی ہے: صوبائی وزیر صنعت وتجارت
لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ کے صدر قیصر اقبال بریار کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔محکمہ صنعت وتجارت کی کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات کے دوران سیالکوٹ ایکسپورٹ پراسیسننگ زون کی کالونائزیشن اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔سیکرٹری صنعت وتجارت واصف خورشید،چیئرمین ایکسپورٹ پراسیسننگ زون اتھارٹی رضوان احمد بھٹی،سی ای او پیڈمک جاوید الیاس اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔صدر سیالکوٹ چیمبرنے سیالکوٹ ایکسپورٹ پراسیسننگ زون کو ایپزا (EPZA)یا پیسک میں سے کسی ایک ادارے کی انتظامی اتھارٹی میں لانے کا مطالبہ کیا۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے مسئلہ کے حل کے لئے تمام سٹیک ہولڈر ز کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی ایک ہفتہ کے اندر باہمی مشاورت سے مسئلہ کا پائیدار حل تجویز کرے گی اورسیالکوٹ چیمبر، پیسک،صنعت اور ایپزا کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی سیالکوٹ ایکسپورٹ پراسیسننگ زون کے لئے قابل عمل ماڈل بنائے گی۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعت کاری کے عمل کو تیز کر کے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا حکومت کی پالیسی ہے۔ 2002 میں بننے والے سیالکوٹ ایکسپورٹ پراسیسننگ زون میں اب تک صرف چند صنعتی یونٹس لگنا قابل افسوس ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں ماضی میں ہونے والا رئیل سٹیٹس کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ صنعت لگے گی تو ہی لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے اورصنعت کا پہیہ چلنے اور نئی سرمایہ کاری آنے سے لوگوں کی معاشی مشکلات کم ہوں گی۔