وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا فیصل آباد میں پنجاب ہائی وے پولیس کے اہلکاروں کی کار پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس،4 اہلکار گرفتار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فیصل آباد میں پنجاب ہائی وے پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے کار پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فائرنگ سے ایک شخص کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ کی غیر جانبدرانہ تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے تحت سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔افسوسناک واقعہ پر دلی دکھ ہواہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کے محافظوں کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ وہ قانون ہاتھ میں لیں۔انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے اور انصاف ہو گا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق شخص کے لواحقین کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔دریں اثناء پولیس نے فائرنگ کے ذمہ دار 4 اہلکاروں کوحراست میں لے لیاہے۔