فیصل آباد:فیصل آباد میں پٹرولنگ پولیس کی فائرنگ سے ایک شہری جان کی بازی ہار گیا ۔پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں یٹرولنگ پولیس کی جانب سے کار پر فائرنگ کر کے شہری کو قتل کرنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ۔تھانہ ڈجکوٹ میں فائرنگ کرنے والے چارو ں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمے میں نامزد چاروں اہلکاروں کو پولیس پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے۔
درج مقدمے کے مطابق پیٹرولنگ اہلکاروں نے کار کو پہلے چیمہ سٹاپ کے قریب روکا، کار روکنے پرمقتول وقاص اور پیٹرولنگ پولیس اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد پیٹرولنگ اہلکاروں نے اسلحہ تان لیا ۔ جس پر ڈرائیور وقاص نے کار بھگا دی ۔ پیٹرولنگ پولیس اہلکاروں نے کار کا پیچھا کیا اور آراے بازار کے قریب فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وقاص زخمی ہوا اور جانبر نہ ہوسکا ۔
قتل کے مقدمے کے عینی شاہد کا بیان بھی سامنے آگیا ہے ، جس کے مطابق جائے وقوعہ پرمقتول وقاص کے ساتھ گاڑی میں اس کا کزن اورچھوٹا بھائی بھی موجود تھے ، کزن ماجد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمیں پولیس نے روکا تو وقاص نے گاڑی سے نکل کر ہاتھ کھڑے کردئیے ، مگر پولیس اہلکار نے کہاکہ تم نے میرے پاؤں پر گاڑی چڑھائی ہے اورپھر فائرنگ شروع کردی ۔ پٹرولنگ اہلکار وقاص پر فائرنگ کرنے کے بعد 3 گھنٹے تک اپنی گاڑی میں یرغمال بنا کر گھومتے رہے ۔
مزید براں جاں بحق ہونے والے وقاص کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے اوراسپتال انتظامیہ کے مطابق مقتول وقاص کو ایک گولی پیٹ میں لگی ، وقاص کی ہلاکت زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ہوئی ہے اگر بروقت طبی امداد دی جاتی تو وقاص کی جان بچ سکتی تھی ۔ مقتول وقاص کے لواحقین نے پولیس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کردیا ۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پٹرولنگ پولیس اہلکاروں کی کار پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ، وزیراعلی ٰ پنجاب نے اس افسوسناک واقعہ کی غیرجانبدرانہ تحقیقات کا بھی حکم دے دیا۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024