گوجرانوالہ : انتظامیہ کا قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن‘ 628کنال اراضی واگزار

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)ضلعی انتظامیہ کا قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن جاری،نوشہرہ ورکاں موضع کٹریال میں صوبائی گورنمنٹ کی ملکیتی 628 کنال ناجائز قابضین سے واگزار کروالی۔ آپریشن ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں رشد اقبال نے ریونیو عملہ اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کیا۔تفصیلات کے مطابق ناجائز قابضین نے نوشہرہ ورکاں کے نواحی قصبہ موضع کڑیال میں صوبائی گورنمنٹ کی 628کنال اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا جس پر مختلف قسم کی فصلیں کاشت کر رکھی تھیں، اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں نے ہل چلوا کر قبضہ مافیا سے اراضی واگزار کروالی،قبضہ مافیا نے طویل عرصہ سے اراضی پرغیر قانونی طور پر قبضہ کررکھا تھا ڈپٹی کمشنر نے قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن پر اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کرنیوالوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سے واگزار اراضی کو دوبارہ قبضے سے محفوظ بنانے کے لیے پلان،جیو میپنگ اور مفصل رپورٹ طلب کرلی۔