پاکستان کے ایف اے ٹی ایف سے مذاکرات آج ہوں گے

بیجنگ: پاکستان کے ایف اے ٹی ایف سے مذاکرات آج بیجنگ میں ہوں گے،مذاکرات میں پاکستان کی کارکردگی کاجائزہ لیاجائےگا ۔
تفصیلات کے مطابق غیر قانونی مالی وسائل کی ترسیل روکنے کے حوالے سے بین الاقوامی فورم ایف اے ٹی ایف اور پاکستان کے درمیان تین روزہ مذاکرات آج بیجنگ میں شروع ہوں گے۔
پاکستانی وفدکی قیادت وفاقی وزیراقتصادی امورحماداظہرکررہے ہیں جبکہ وفدمیں وزارت خارجہ،داخلہ،نیکٹا، کسٹمز اور اسٹیٹ بینک حکام شامل ہیں، مذاکرات میں پاکستان کی جانب سے جمع کروائی گئی عملدرآمد رپورٹ زیربحث آئے گی اور پاکستان اکتوبر تا جنوری تک ستائیس شرائط پرعملدرآمدرپورٹ پیش کرے گا۔
یاد رہے پاکستان نظرثانی رپورٹ آٹھ جنوری کوایف اےٹی ایف کوبھجوا چکا ہے ۔ جس میں پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے اور اینٹی منی لانڈرنگ روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات سے آگاہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ارکان کی تعداد 37 ہے جس میں امریکا، برطانیہ، چین، بھارت اور ترکی سمیت 25 ممالک، خیلج تعاون کونسل اور یورپی کمیشن شامل ہیں، تنظیم کی بنیادی ذمہ داریاں عالمی سطح پر منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہیں۔