آزادکشمیر میں آٹے کا کوئی بحران نہیں، مطلوبہ سٹاک موجود ہے،وزیراعظم آزادکشمیر
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے زیر صدارت آزادکشمیر میں آٹے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بالائی علاقوں سمیت مختلف اضلاع میں آٹے کی طلب اور موجود سٹاک کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے اس موقع پر کہا کہ آزادکشمیر میں آٹے کا کوئی بحران نہیں، ہمارے پاس مطلوبہ سٹاک موجود ہے، جن علاقوں میں سپلائی متاثر ہے، اس کو فوری طور پر تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے برف باری سے متاثرہ علاقوں میں اپریل تک سٹاک موجود ہے، کسی کو گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کرنے نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آزاد کشمیر میں فلور ملز کو گندم کی فراہمی کا عمل تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بحران کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں، موسمی شدت کے پیش نظر اضافی سٹاک رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے پاس اپریل تک گندم کا ذخیرہ موجود ہے، فلور ملز کو گندم کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں آٹے کی تقسیم کا عمل محکمہ خوراک خود کرتا ہے، محکمہ مالیات کو گندم کی ڈھلائی کے لیے درکار فنڈز کے لیے تحریک کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز اگر بروقت مل گئے تو آزادکشمیر میں اپریل تک آٹے کا کوئی بحران نہیں۔ راجہ فاروق حیدر خان نے محکمہ مالیات کو درکار فنڈز فوری طور پر فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔