این جی اور رجسٹریشن کا لائحہ عمل مرتب کر لیا: وزیر داخلہ، خوشی ہے پاکستان نے کم وقت میں بہتر کارکردگی دکھائی: ایلس ویلز
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیر داخلہ اعجازاحمد شاہ سے نائب معاون امریکی وزیر خارجہ ایلس ویلز نے ملاقات کی، ملاقات میں سکیورٹی اور داخلی امور سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو تسلی بخش حد تک حل کر لیا گیا ہے۔ ایلس ویلز نے کہا ہم حکومت کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ ہم ایک پختہ نظام اور طریقہ کار مرتب کرنا چاہتے ہیں جس سے آنے والے وقت میں بھی مستفید ہوا جا سکے امریکی وفد نے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا اس تجویز کا خیرمقدم کیا۔ وزیرداخلہ نے کہا پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات کی تصدیق کے عمل کے لئے لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا ہے۔ نومبر، دسمبر اور جنوری کے مہینوں میں حل کئے جانے والے کیسز کی رپورٹ امریکی سفارت خانے کو جاری کر دی گئی ہے۔ ایلس ویلز اور ان کے وفد نے کہا کہ وزارت داخلہ اور پاکستانی حکومت کی جانب سے بر وقت جوابات کا عمل قابل تعریف ہے۔ - اعجاز شاہ نے کہا آئی این جی اوز کی رجسٹریشن کے لئے لائحہ عمل مرتب کر لیا ہے جن تنظیموں پر تحفظات ہوں، انہیں اپنا موقف دینے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ترتیب کردہ معیار پر پوری اترنے والی تنظیمات کو کسی مشکل کا سامنہ نہیں ہے۔ ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے ہونے والی پیش قدمی سے متعلق امریکی وفد کو بریفنگ دی گئی۔ ایلس ویلز نے کہا یہ سن کر بے حد خوشی ہوئی کہ پاکستان کی مرکزی حکومت نے ان معاملات پر کافی کم وقت میں بہت بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔ ان اقدامات کا متعارف ہونا ہماری اپنی ترقی کے لئے بھی انتہائی خوش آیند ہے۔ ملاقات کا اختتام اس عزم پر ہوا کہ باہمی تعلقات کی بہتری کے لئے مل کر کام کریں گے۔