ثنامیر کو ڈراپ کرنا مشکل فیصلہ ‘ میں شمولیت کی حامی تھی:بسمہ معروف
لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ ہم طویل مشاورت کے بعدآئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے ایک بہترین سکواڈ تشکیل دینے میں کامیاب رہے۔ بسمہ معروف نے کہا کہ ثناء میرکومیگا ایونٹ کے لیے ڈراپ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سکواڈ میں ثناء میر کی شمولیت کی خواہشمند تھیں جس پر سلیکشن کمیٹی اور ان میں طویل مشاورت ہوئی۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان نے کہا کہ ہمیں ثناء میر اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ایمرجنگ کرکٹرمیں سے کسی ایک کو چننا تھااور وہ اس سلسلے میں اکثریتی فیصلے کا احترام کرتی ہیں۔ انہیں امید ہے کہ ثناء میر اسی جوش و جذبے کے ساتھ مستقبل میں بھی پاکستان ویمنز کرکٹ کی خدمت کرتی رہیں گی۔