انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ:آسٹریلیا نے نائیجیریا ‘ ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو ہرادیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) جنوبی افریقہ میں جاری انڈر 19 ورلڈ کپ میں گذشتہ روز گروپ بی میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے نائجیریا کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی۔ اس میچ میں نائجیرین ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے تمام وکٹوں کے نقصان پر صرف 61 رنز سکور کیے۔ نائجیریا کا صرف ایک کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہو سکا۔ اولینکا نے سب سے زیادہ 21 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے باولنگ میں تنویر سناگا نے 14 رنز کے عوض پانچ، سمپسن نے 11 رنز کے عوض تین نائیجرین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں آسٹریلیا نے 62 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 7.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔ سان فینگ نے 30 اور جیک فریشر نے 23 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ میچ کے اختتام پر تنویر سناگا کو بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انڈر 19ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 71رنز سے ہرادیا۔کیمبرلے میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بازی کرتے ہوئے سات وکٹوں پر 267رنز بنائے جواب میں انگلش ٹیم9وکٹوں پر 184رنز بناسکی تھی کہ بارش کے سبب میچ روکنا پڑا۔