ننکانہ صاحب :ڈسٹرکٹ ہسپتال کے سکیورٹی گارڈز تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم
ننکانہ صاحب (نما ئندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ ہسپتال میں تعینات سکیورٹی گارڈز تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں،گھروں نوبت فاقوں تک پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں تعینات 12 سکیورٹی گارڈز نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں اپنی ڈیوٹی کرتے ہوئے تین ماہ سے زائد کا عرصہ ہو گیا ہے تاحال ہمیں تنخواہیں نہیں دی جا رہی ، انہوں نے الزام لگایا کہ ہم سے ڈیوٹی 8 گھنٹے کی بجائے 12 گھنٹے سے زائد لی جا رہی ہے اور اتوار کو بھی ڈیوٹی کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے متاثرہ سکیورٹی گارڈز ابوبکر ، فرحان علی اور زرینہ بی بی سمیت دیگر نے بتایا کہ ایم ایس نے انہیں ماہانہ 17,500روپے تنخواہ دینے کا کہا تھا مگر اب 15,000 روپے ماہانہ تنخواہ دینے کا کہا جا رہا ہے اور یہ تنخواہ بھی نہیں دی جا رہی، انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ اگر ایڈمن آفیسرسے تنخواہ کے حوالے سے پوچھا جائے تو ہتک آمیز رویہ اختیار کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دیتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے مہنگائی کے اس دور میں ان کے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے متاثرہ ملازمین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔