جمبر : محکمہ انہارکی غفلت‘ نہروں کی بھل صفائی مہم شروع نہ ہوسکی
جمبر(نامہ نگار)جمبر اور گردونواح میں محکمہ انہارکی غفلت، لاپرواہی اور عدم دلچسپی کی وجہ سے نہروں میں تاحال بھل صفائی مہم ابھی تک شروع نہ ہوسکی نہروں میں 6روز بعد پانی چھوڑ دیا جائیگا۔کسانوں نے شدید احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے نہروں اور راجپاہوں میں پانی کی بندش کے بعد بھل صفائی مہم شروع ہونا تھی مگر محکمہ انہار کے افسران کی غفلت اور اہلکاروں کی لاپرواہی اور عدم دلچسپی کی وجہ سے تاحال بھل صفائی مہم کا آغاز نہ کیا جاسکا۔جب کہ دوسری طرف بھل صفائی کا وقت ختم ہونے میں چھ روز باقی ہیں اس کے بعد نہروں اور راجپاہوں میں پانی چھوڑا جائے گا۔جمبر اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے زمینداروں اور کسانوں اور کسان بورڈ کے رہنما چوہدری ممتازنے بھل صفائی مہم شروع نہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ انہار کے چیف، صوبائی وزیر آبپاشی اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ انہار کے افسران اور عملہ کی طرف سے بھل صفائی مہم شروع نہ کرنے کا فوری نوٹس لیکر کارروائی عمل میں لائی جائے ۔