سابق حکومت نے مسائل حل کرنے کی بجائے عوامی سرمایہ ذاتی تشہیر پر لگایا: فیاض چوہان
لاہور، راولپنڈی (نیوز رپورٹر، اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبہ بھر کے کارکن صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ اخبارات کو میرٹ پر اشتہارات دیے جارہے ہیں۔ اخباری مالکان بھی کارکنوں کو بروقت تنخواہیں ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات پریس کلب میں نومنتخب عہدے داروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈی پی او توصیف حیدر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کے اجراء کے حوالے سے متعلقہ وزارت سے بات کی ہے۔ پریس کلبوں کے ممبران کو علاج معالجہ کیلئے ہیلتھ کارڈ کی سہولت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں خود بھی ایک سیاسی کارکن ہوں، اخباری کارکن میرے دل کے قریب ہیں انکے مفادات کو نہایت مقدم رکھتا ہوں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ڈی جی پی آر پنجاب میں اشتہارات کو سسٹم آٹو میٹیڈ کر دیا ہے ، ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو میرے سامنے مکمل رپورٹ ہوتی ہے کہ کس اخبار کو کتنے اشتہارات ملے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے گجرات میں میڈیا کیطرف سے مثبت رپورٹنگ کو زبردست سراہا اور کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے جسے ملکی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ اس سے قبل پریس کلب گجرات آمد پر صدر محمود اختر محمود، سیکرٹر ی چوہدری سعید احمد، سینئر صحافی طفیل میر، راجہ تیمور طارق، عبدالستار مرزا، ملک شفقت اعوان، مدثر اقبال و دیگر نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ دریں اثناء راولپنڈی میں یونین کونسل 21 کی وارڈ نمبر 4 میں نوتعمیر شدہ ٹیوب ویل کے افتتاح کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حلقے میں ڈیڑھ سال کی مختصر مدت میں 20 ٹیوب ویلوں کی تنصیب مکمل کر لی ہے ماضی میں نظر انداز کی گئی۔ حلقے کی تمام یونین کونسلوں بالخصوص شمالی یونین کونسلوں میں سوئی گیس , پانی کی بڑے قطر کی ہزاروں فٹ کی نئی پائپ لائنو ں, سیویج لائنوں , سٹریٹ لائٹس, سوئی گیس کے ٹی بی ایس کی تنصیب ,گلیوں , نالیوں کی پختگی , صحت, صفائی اور تعلیم کی بنیادی سہولیات کی فراہمی سے شہریوں کی محرومیوں کا خاتمہ ہو رہا ہے اور بہت جلد حلقے کی عوام بہتری شہری سہولیات سے بھرپوراستفادہ کریں گے گزشتہ دور حکومت میں شہریوںکی مسائل کے حل کی بجائے ذاتی تشہیر پر عوام کا سرمایہ صرف کیا گیا جس کی وجہ سے عوام کی محرمیوں میں اضافہ ہوا۔ اس موقع پر راجہ ناصر محفوظ, راج وحید محفوظ, چوہدری ثاقب , معززین علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ دریں اثناء گوجر یوتھ فورم کے عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ گوجر قوم نے جس طرح تحریک پاکستان میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا تھا آج بھی اسی جذبے اور لگن کے ساتھ پا کستان کی ترقی, استحکام اور خوشحالی کے لئے اپنی تمام صلاحیتوں کے ساتھ میدان عمل میں ہے کسی بھی قبیلہ , برادری یا افراد کی تنظیم سازی کے ذریعے معاشرے میں, محبت , بھائی چارے, اخوت اور برداشت جیسے مثبت رویوں کا فروغ ا ور کردار سازی کی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ساجد محمود, سابق رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد, سرپرست اعلی گوجر یوتھ فورم پاکستان حاجی نثار احمد نون, سرپرست چوہدری محمد وارث, چئرمین چوہدری محمد قیصر, چوہدری افتخار احمد برسہ, چوہدری صغیر احمد گوجر, چوہدری امتیاز احمدسابق چیئرمین فورم, چوہدری عبدالحمید, چوہدری اشتیاق احمد گوجر , گوجر یوتھ فورم کے ساتھ عہدیداروںسمیت پنجاب بھر سے آئی ہوئی گوجر برادری کی نمائندہ شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔