وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ ساہیوال واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور پنجاب حکومت نے اس واقعہ کے فورا بعد مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جس کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی اعجاز شاہ ہیں اور یہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم 72 گھنٹے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ وہ آج پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیر اعلی نے بتایا کہ کل شام پانچ بجے جے آئی ٹی کے 72 گھنٹے پورے ہو جائیں گے اور اس کی رپورٹ آجائے گی۔ رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے بتایا کہ قوم دیکھے گی کہ رپورٹ کی روشنی میں سخت ایکشن لیا جائے گااور ایکشن ہوتا نظر بھی آئے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق دور میں اس طرح کے واقعہ پر ایف آئی آر تک درج نہیں ہوئی تھی لیکن ہماری حکومت کا ایکشن سب کو نظر آئے گااور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔میں نے کل شام میٹنگ کال کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور متاثرہ خاندان کی پوری دیکھ بھال کی جائے گی۔ متاثرہ خاندان کیلئے پنجاب حکومت نے دو کروڑ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے جبکہ بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی پنجاب حکومت اٹھائے گی۔ اسی طرح متاثرہ خاندان کو میڈیکل کی فری سہولت بھی میسر ہو گی۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024