پاک بحریہ کے سربراہ کی بحرین میں کمانڈر بحرین نیشنل گارڈز ،کمانڈر بحرین کوسٹ گارڈزاور کمانڈر رائل بحرین نیول فورس سے ملاقاتیں
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی بحرین کے سرکاری دورے پر ہیں . پاک بحریہ کے سربراہ نے دورے کے دوران کمانڈر بحرین نیشنل گارڈز جنرل شیخ محمد بن عیسی ال خلیفہ ،کمانڈربحرین کوسٹ گارڈ زمیجر جنرل الا عبداللہ سیادی اور کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کموڈور محمد یوسف ال عاصم سے الگ الگ ملاقاتیں کیں.
مناما میںرائل بحرین نیول فورس ہیڈ کوارٹرز آمد پررائل بحرین نیول فورس کے سربراہ نے سربراہ پاک بحریہ کا استقبال کیا. نیول چیف کو اس موقع پر روایتی اور پرتپاک انداز میں سلامی پیش کی گئی.
ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ امور اور باہمی بحری اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا. دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کے مختلف شعبوںپر بھی گفتگو کی گئی. دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم اور کارگردگی بشمول پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پیٹرول کے اقدام پر بھی روشنی ڈالی گئی.نیول چیف نے فروری 2019 میں پاکستان کی جانب سے کراچی میں منعقد کی جانے والی کثیرالملکی بحری مشق امن 19 کے متعلق کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کو بریف کیا. کموڈور محمد یوسف ال عاصم نے خطے میں بحری امن و استحکام کے سلسلے میں پاک بحریہ کے کردار اور خدمات کو سراہا.نیول چیف کو رائل بحرین نیول فورس کے متعلق بریفنگ بھی دی گئی.
بعدازاں, پاک بحریہ کے سربراہ نے کمانڈر بحرین نیشنل گارڈز جنرل شیخ محمد بن عیسی ال خلیفہ اور کمانڈربحرین کوسٹ گارڈ زمیجر جنرل الا عبد اللہ سیادی سے ملاقاتیں کیں.
ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دفاعی اور سکیورٹی اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا.نیول چیف نے بحری امن و استحکام برقرار رکھنے میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ کمانڈر بحرین نیشنل گارڈز اور کمانڈر بحرین کوسٹ گارڈز نے بھی مضبوط اور تاریخی بنیادوں پر قائم پاکستان اوربحرین کے تعلقات کو سراہا اور خطے میں مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی کے قیام اور رائل بحرین نیول فورس کے ساتھ مختلف شعبوں میں بھرپور تعاون کے سلسلے میں پاک بحریہ کے عزم اور کاوشوں کی تعریف کی۔
سربراہ پاک بحریہ کا یہ دورہ دونوں ممالک میں بالعموم اور دونوں بحری ا فواج کے مابین بالخصوص تعلقات میں مضبوطی اور استحکام کا باعث ہوگا.