اسلام آباد احتساب عدالت: رینٹل پاور کرپشن ریفرنسز‘ راجا پرویز اشرف پر 8فروری کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف پر تین رینٹل پاور پراجیکٹ منصوبوں میں ہونے والی مبینہ کرپشن کے حوالہ سے دائر ریفرنسز میں8فروری کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے لیے راجا پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کو آٹھ فروری کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔دوران سماعت احتساب عدالت کے جج نے وکلاء سے استفسار کیا کہ یہ اتنے پرانے مقدمات ہیں ان میں ابھی تک کارروائی آگے کیوں نہیں بڑھی۔اس پر وکلاء کا کہنا تھا کہ کچھ قانونی پراسیس تھا جس کی وجہ سے کاروائی آگے نہیں بڑھ سکی۔ جج محمد ارشد ملک نے تمام کیسز کو جلد از جلد نمٹا نے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لیے 8 فروری کو ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالت نے ریشماں رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنس، ین جن رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنس اور گلف رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنس میں 8فروری کو تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔