پاکستان کا حسن دنیا بھر میں آشکارا کرنے کی ضرورت
پاکستانی خوبصورتی کو اشرافیہ سے وہ قدر نہیں ملتی جس کی یہ حقدار ہے۔ ارض پاک کامسحورکن حسن اس میں ملنے والا تنوع بیمثال ہے۔ میں دھرتی کی دلفریب شان و شوکت کا گرویدہ ہوں۔ وزیراعظم عمران خان۔
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ قدرت نے ہمارے اس خطہ پاک کوہر طرح کی نعمت سے نوازا ہے۔ اس کا دلفریب حسن وجمال اوراس کے خوبصورت مناظر دل و نظرکو سکون بخشتے ہیں۔ حسین ترین وادیاں، بلند ترین پہاڑ، خوبصورت صحرا، وسیع ساحل سمندر سے لے کر خوبصورت لوگ اور قدرتی نظارے یہاں موجود ہیں۔ یہاں کی اشرافیہ کی ایک بڑی کمزوری غیروں سے بہت جلد مرعوب ہونا بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مغرب کی چکاچوند روشنی سے ان کی آنکھیں چندھیا جاتی ہیں اوروہ اپنے ملک کو چھوڑ کرغیر ممالک کی سیاحت پسند کرتے ہیں۔ہمارا محکمہ سیاحت ہمیشہ سے حکومتی توجہ سے محروم رہا ہے۔ اگر حکومت اپنے سیاحتی مقامات، حسین نظاروں کودنیا کے سامنے پیش کرے۔ انکی بھرپور تشہیر کرے تو دنیا بھر سے سیاح پاکستان کا رخ کرسکتے ہیں۔ مگر اس سے پہلے ہمارے ان حسین سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنا ہوں گی تاکہ ملکی اور غیر ملکی سیاح وہاں جا کر اطمینان محسوس کریں۔ دنیا بھر میں پاکستان کے سیاحتی مقام کو روشناس کرانے کے لئے حکومت کو اپنے سفارتخانوں کو بھی متحرک کرنا ہو گا کہ وہ محکمہ سیاحت کے ساتھ مل کر دنیا بھر کے سیاحوں کو پاکستان کے حسین سیاحتی مقامات کی طرف راغب کر سکیں۔