پنڈی بھٹیاں‘ کامونکی ‘قلعہ دیدار سنگھ میں ٹریفک حادثات‘ بچی سمیت 3جاں بحق
پنڈی بھٹیاں+کامونکے +قلعہ دیدار سنگھ +لدھیوالہ وڑائچ(نامہ نگاران) ٹریفک حادثات میں بچی سمیت 3 افرادجاں بحق ہوگئے۔گوجرانوالہ حافظ آباد روڈ پر کوٹ اسحاق میں تیز رفتار مسافر ویگن کی رکشہ کو ٹکر سے ڈیڈھ سالہ گلناز موقع پر دم توڑ گئی۔ جبکہ اسکی ماں عالیہ اور خالہ صوبیہ شدید زخمی ہو گئیں۔گونا عور روڈ پر تیز رفتار کار اور رکشہ کے تصادم میں رکشہ سوار ساٹھ سالہ نسیم بی بی اور 24 سالہ بشارت حسین شدید زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء موڑ ایمن آباد سٹاپ پر جی ٹی روڈ عبور کرتے ہوئے نواحی گائوں بلووالی کے پچاس سالہ یونس شریف چیمہ کو اسلام آباد سے لاہور جانے والی بس نمبر 7830/LES نے بری طرح کچل دیا جس کے نتیجہ میں وہ دم توڑ گیانواحی گائوں کسوکی کا سولہ سالہ معاذ‘ آٹھ سالہ تمنا‘ تئیس سالہ عمر‘ پچاس سالہ حفیظ‘ باسٹھ سالہ رحمت‘ ستائس سالہ عظیم‘ پینتالیس سالہ شہروز‘ چودہ سالہ اسد‘ پچس سالہ یونس‘ بیس سالہ نعمان اور محمد جواد شدید زخمی ہو گئے۔ مصطفیٰ آباد کے رہائشی حسنین،علی حسنین کار پر فیصل آباد سے واپس آرہے تھے کہ موٹروے ایم ٹو پنڈی بھٹیاں کے قریب تو تیز رفتاری کے باعث اچانک کار کا ٹائر پھٹ گیا جس سے کار قلابازیاں کھاتی ہوئی جنگلے سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں دونوں شدید زخمی ہو گئے جنکو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی بھٹیاں لایا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی علی حسنین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ حسنین کو شدید زخمی حالت کے پیش نظر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔