پولیس اور عوام شانہ بشانہ کام کریں تو جرائم کی شرح صفر ہو سکتی ہے: امیرتیمور خان
لودھراں( نامہ نگار )پولیس کا کردار عوام کی خدمت ہونا چاہیے،پولیس اور عوام شانہ بشانہ کام کریں تو جرائم کی شرح صفر ہو سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈی پی او امیر تیمور خان نے ڈی پی او آفس میں کھلی کچہری کے موقع پر کیا۔ انھوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا بنیادی مقصد عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے مٹاکر عوامی مسئلے مسائل کو ان کی ہی دہلیز پر حل کرنا ہے۔ڈی پی او امیر تیمور خاں نے عوام الناس کی8 درخواستیں سننے کے بعد متعلقہ تھانہ کے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او زکو سائلین کے مسائل کو فوری میرٹ پر حل کرنے کی ہدایات دیں۔ڈی پی او نے کہا کہ ہمارا نصب العین عوام کے مسائل کو فوری حل کرنا اور عوام دوست سسٹم کے تحت کام کرنا ہے۔ہم عوامی خادم ہیں ہمارا کام عوام کو انصاف مہیا کرنا ہے۔عوامی مسائل کا حل اورعوام کو انصاف مہیا کرنا ہے اور یہ کام خدمت سے ہی ممکن ہے۔