سستی روٹی سکیم میں 70 ارب روپے کی کرپشن ہوئی: محمود الرشید
لاہور ( خصوصی نامہ نگار )پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے صوبے کے منصوبوں پر حقائق پبلک کر تے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم، صاف پانی اور صحت سمیت بنیادی انسانی حقوق کے منصوبوں کے فنڈز سڑکوں اور پلوں پر خرچ کئے گئے، مسلم لیگ (ن)کی حکومت کا ہر منصوبہ کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں سے بھرپور اور ناکام رہا ہے، حکمرانوں نے قوم کے اربوں روپے کبھی تندوروں اور کبھی میٹرو اورنج ٹرین کی پٹری پر جھونک دیئے، انکا حساب قوم کو کون دیگا اسکا ذمہ دار کون ہے؟ ۔اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ سستی روٹی سکیم بڑی طرح فلاپ ہوئی اور اسکے بند ہونے کے کئی سال بعد بھی حکومتی جماعت کے ارکان کو سبسڈی والا آٹا ملتا رہا اور منصوبے کے ٹھپ ہونے کے باوجود کئی سال تک سستی روٹی اتھارٹی فعال رہی اور مجموعی طور پر اس پر70 ارب سے زائد کی کرپشن ہوئی، یوتھ کو اپناہم خیال کرنے کیلئے طلبہ میں لیپ ٹاپ سکیم متعارف کرائی جو مالی و بدعنوانیوں کے ساتھ پورے زور شور سے جاری ہے،اس منصوبے میں کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کا اعتراف خود اکائونٹنٹ جنرل پنجاب کی سپیشل آڈٹ رپورٹ میں کیا گیا، رپورٹ کے مطابق پنجاب میں تقسیم کئے جانے والے5738 لیپ ٹاپ میں سے 1771 طلبہ دو،دو لیپ ٹاپ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے،2081طلبہ کے شناختی کارڈ ہی جعلی نکلے،1181کاسرے سے ریکارڈ ہی نہیں جبکہ 305لیپ ٹاپ چوری ہو گئے یا جل گئے جبکہ حکومتی لیپ ٹاپ مارکیٹ میں10تا15ہزار روپے میں آج بھی فروخت ہیں۔