پی ٹی آئی جمہوری اقدار کی علمبردار‘ پارلیمنٹ کی بالا دستی پر یقین رکھتی ہے‘ شاہ محمود
خانیوال (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہاکہ تحریک انصاف نہ صرف پارلیمنٹ کی بالادستی پریقین رکھتی ہے بلکہ جمہوری اقدار کی سب سے علمبردار ہے۔ پارلیمنٹ کی بالادستی کے کھوکھلے نعرے لگانے والوںنے قدم قدم پر پارلیمنٹ کو نظرانداز کیا اور اکثر اجلاسوںمیں نہ صرف وزراء نہیں آتے بلکہ کورم بھی پورا نہیں ہوتا۔ وہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حلقہ این اے157کے ٹکٹ ہولڈر کرنل(ر) عابد محمودکھگہ کی رہائشگاہ ملتان میں ان کی عیادت کے موقع پر کارکنوںسے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کرنل (ر) عابد محمودکھگہ کی جلد صحت یابی کی دعا کی اورکہاکہ کرنل عابد محمودکھگہ پارٹی کے لیے سرمایہ ہیں جنہوںنے انتہائی مشکل وقت میں پارٹی کا جھنڈااٹھایا اور گزشتہ پانچ سالوںمیں کرپٹ حکمرانوںکیخلاف جدوجہد میں پارٹی قیادت کے شانہ بشانہ رہے اس موقع پر پی ٹی آئی تحصیل خانیوال کے صدر طاہرمحمودکھگہ بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ کرنل (ر)عابدمحمودکھگہ گزشتہ روز ہسپتال سے گھر منتقل ہو ئے ہیں۔