اردو کو ذریعہ تعلیم بنانے سے طلبا کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہو گا:صدر ممنون
کراچی (آئی این پی)صدر مملکت ممنون حسین نے انجمن ترقی اردو کے تعمیراتی منصوبے اردو باغ کمپلیکس کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اردو کو ذریعہ تعلیم بنانے سے نوجوان طلبہ کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہو گا اور وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں گے ۔ اس موقع پر میئر کراچی محمد وسیم اختر، صدر انجمن ترقی اردو ذوالقرنین حیدر جمیل اور معتمد انجمن ترقی اردو فاطمہ حسن بھی موجود تھیں۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ اردو باغ محض ایک عمارت یا تعمیراتی منصوبہ نہیں بلکہ ایک تحریک کا تسلسل اور اِس تحریک کے اگلے مرحلے کا آغاز ہے جس کا تعلق پاکستان کی نظریاتی شناخت اور اس کی ترقی و خوشحالی سے ہے۔ انھوں نے کہا کہ قومیں اپنی زبان، تاریخ، ثقافتی ورثے ، بودوباش اور تہذیب سے پہچانی جاتی ہیں لیکن ان میں سب سے زیادہ اہمیت زبان کو حاصل ہے۔ میں توقع کرتا ہوں کہ اردو باغ کی تعمیر کے بعد اس تحریک کو نئی توانائی ملے گی۔ صدر ممنون نے کہا کہ اردو باغ کی تعمیر کے بعد پہلی ذمہ داری یہ ہونی چاہئے کہ اس منصوبے کے باقی ماندہ حصوں کی تکمیل پر توجہ دی جائے۔ اس سلسلے میں کراچی کے علم دوست حلقے، صاحبانِ ثروت اور اردو سے محبت کرنے والے ضرور اپنا کردار ادا کریں ۔انھوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر ازحد مسرت ہوئی ہے کہ اردو کو ذریعہ تعلیم بنانے کے سلسلے میں جامعہ عثمانیہ حیدر آباد دکن میں جو علمی کام ہو ا تھا اور سائنس و ٹیکنالوجی کے مختلف علوم کی بے شمار کتابوں کے تراجم ہوئے تھے ، وہ سب کے سب انجمن کی لائبریری میں محفوظ ہیں یہ علمی خزانہ ہے جس سے آج بھی فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ انجمن کے ذمہ داران اس سلسلے میں وطنِ عزیز کی مختلف جامعات ، خاص طور پر وفاقی اردو یونیورسٹی کے ساتھ مسلسل رابطہ استوار رکھیں تاکہ اس عظیم الشان علمی ذخیرے میں مزید اضافہ کیا جاسکے۔