غیر معیاری سولر پینل اور آلات کی درآمد پر پابندی لگائی جائے ، آفتاب اشرف
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آلٹرنیٹ انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں شمسی توانائی کا فروغ ایک خواب بنتا جا رہا ہے ، شمسی توانائی سے وابستہ چھوٹے تاجروں اور انسٹالرز سے ایک ملین روپے سے زائد بینک گارنٹی طلب کی جارہی ہے جبکہ ہزاروں چھوٹے تاجروں اور انسٹالرز سے لاکھوں روپے طلب کیے جا رہے ہیں جس کو وہ دینے سے قاصر ہیں ، وفاقی وزارت پانی و بجلی سے درخواست ہے کہ وہ آلٹرنیٹ انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ کو ان غیر قانونی شرائط لاگو کرنے سے روکے ۔ ان خیالات کا اظہار سولرز بزنس کمیونٹی آف پاکستان کے جنرل باڈی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت سولرز بزنس کمیونٹی آف پاکستان کے چیئرمین آفتاب اشرف نے کی، اجلاس میں نوید اسلم ، میاں شفیق ، شہباز خان ، شاہ کمال ، ضیا حسین ، ضیاء الرحمن ، علی مصطفی ، خرم شہزاد، معین آصف ، عبد اللہ شہزاد ، عباس علی خان اور دیگر شریک تھے۔