نواز شریف اور زرداری نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کو لالی پاپ دیا: شاہ زین بگٹی
لاہور (فرخ سعید خواجہ) جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شازین بگٹی نے کہا ہے کہ خالی خولی نعروں سے بلوچستان کے عوام کا احساس محرومی دور نہیں کیا جا سکتا۔ زرداری اور میاں صاحب کی حکومتوں نے بلوچستان کے عوام کے مسائل ٹھوس بنیادوں پر حل کرنے کی بجائے ہمیشہ لالی پاپ سے کام لیا۔ نوائے وقت سے گفتگو میں شازین بگٹی نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نوجوان لیڈر ہیں میرا ان کو مشورہ ہے کہ بلوچستان کی تاریخ کا مطالعہ کریں۔ ان کے نانا سے لے کر ان کے والد تک پیپلز پارٹی نے بلوچستان کے ساتھ جو کھلواڑ کئے بلوچستان کے عوام اسے نہیں بھولے ہیں۔ نواز شریف نے ڈیرہ بگٹی کے عوام سے جو وعدے کئے تھے انہیں پورا کرنے میں غیر ضروری غفلت کا مظاہرہ کیا، ہماری طرف سے دوستی کے بڑھے ہوئے ہاتھ کو انہوں نے جھٹک دیا اور ایسے لوگوں سے محبت کی پینگیں بڑھائیں جنہوں نے انہیں خوب اچھا سبق دیا۔ جمہوری وطن پارٹی آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کا پروگرام رکھتی ہے۔ ہمارا الیکشن کمشن سے مطالبہ ہے کہ بلوچستان میں عام انتخابات آزادانہ اور شفاف کرانے کے لئے سب کو یکساں مواقع دینے کا اہتمام یقینی بنائے وگرنہ انتخابی نتائج پاکستان کی سیاست کو بھی متاثر کریں گے۔