ایرانی رجیم انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مرتکب ہوئی،ہیومین رائٹس واچ
لندن (این این آئی) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ’ہیومن رائٹس واچ‘ نے ایک بیان میں ایرانی حکومت پر اپنے عوام کے خلاف طاقت کے استعمال اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا الزام عائد کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ سال 2017ء کے دوران ایرانی حکومت نے آزادی اظہار رائے، منصفانہ ٹرائل، مردو خواتین میں مساوات اور مذہبی آزادیوں کے بنیادی قوانین کی سنگین پامالیوں کا ارتکاب کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران میں ایک سرکردہ سماجی کارکن نرجس محمدی کو کسی جرم کے بغیر مسلسل پابند سلاسل رکھا گیا ہے۔انسانی حقوق گروپ نے ایران کی انقلاب عدالتوں پر سیاسی رہ نماؤں، عام شہریوں، دوہری شہریت کے حامل افراد اور دیگر پر مبہم الزامات کے ذریعے انسانی حقوق کی پامالیوں کا الزام عائد کیا۔