افغانستان اور وسطی ایشیا میں پرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام کیلئے علاقائی تعاون قائم کیا جائیگا: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
نیویارک (آن لائن) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوئٹرس نے افغانستان اور وسطی ایشیا میں پْرتشدد انتہاپسندی کی روک تھام کیلئے علاقائی تعاون اور مشترکہ ذمہ داری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ سلامتی کونسل کے ایک اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انتہاپسندی کی روک تھام صرف ایک ملک کی ذمہ داری نہیں ہو سکتی۔ عالمی ادارے کے سربراہ نے کہاکہ علاقائی تعاون سے انسداد دہشت گردی کیلئے مالیاتی تعاون، سرحدی نگرانی میں بہتری، مذہبی رواداری اور رہنمائوں کے ساتھ بات چیت کے فروغ، انسانی اور منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام سمیت دیگر مشترکہ خدشات سے نمٹنے کے مواقع فراہم ہوں گے۔