ہری پور، ٹریفک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے جاں بحق 4 افراد سپردخاک
ہری پور (نامہ نگار) مسافر کوچ اور موٹرکار کے درمیان المناک حادثہ میں ایک ہی گھر کے جاں بحق ہونے والے 4 افراد کو سپردخاک کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تلوکر ہری پور کے رہائشی چوہدری محمد صدیق کی اہلیہ، جواں سال بیٹا چوہدری بلال اور اسکی اہلیہ اپنے ڈیڑھ سالہ بیٹے اور بھانجی کے ہمراہ مقامی میرج ہال جی ٹی روڈ سوات چوک ولیمہ کی تقریب میں شرکت کیلئے اپنی موٹر کار میں جارہے تھے کہ مخالف سمت حسن ابدال سے آنے والی تیز رفتار کوچ نے انہیں روند ڈالا جس کے نتیجہ میں چوہدری صدیق کی اہلیہ موقع پر جاں بحق ہوگئی۔ جبکہ دیگر تین افراد ایبٹ آباد ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے۔ جبکہ ایک بچی شدید زخمی ہوگئی جسے تشویشناک حالت میں ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد میں داخل کرادیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں چوہدری محمد صدیق کی اہلیہ کی نماز جنازہ گزشتہ شب ہی ادا کردی گئی جبکہ دیگر تین افراد کو ہفتہ کے روزنماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آبائی قبرستان سپردخاک کردیا گیا۔ ایک ہی گھر سے چار جنازے اٹھنے پر ہر آنکھ اشک بار تھی۔ نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی اور دیگر ہر مکتبہ فکر کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
4 افراد سپردخاک