صدر ممنون کی زیرصدارت علماء کے پیغام پاکستان بیانیہ کی حمایت کرتے ہیں
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے صدر ممنون حسین کی زیر صدارت تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے پیغام پاکستان بیانیہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے وطن عزیز میں شدت پسندی، بنیاد پرستی، فرقہ واریت اور دہشتگردی کو دفن کرنے میں مدد ملے گی اور اس کی وجہ سے ملک امن کا گہوارہ بنے گا اور اتحاد و وحدت کے ساتھ ہم سب ملکر پاکستان کو استحکام اور سربلندی کی طرف لے جائیں گے۔ ہفتہ کو یہاں نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دورہ بھارت اور نریندر مودی کی ملاقات کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ مودی کشمیر اور نیتن یاہو فلسطین میں دہشتگردی کرکے بے گناہ مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے جبکہ امریکی صدر ٹرمپ ان کا سرپرست ہے ۔ یہ شیطانی تکون عالم اسلام کیخلاف انتہائی خطرناک عزائم رکھتی ہے۔ عالم اسلام کو متحد ہوکر انہیں ناکام بنانا چاہیے۔