خادم الحرمین الشریفین کا اہل غزہ کے عوام کو چھ امدادی طیاروں کا تحفہ
قاھرہ ( این این آئی )سعودی عرب کے چھ طیارے اہل غزہ کے لیے امداد لیکرگزشتہ روز مصر کے العریش ائیر پورٹ پہنچ گئے ۔ فضائی امدادی قافلے کے لیے ائیر پورٹ پر ہنگامی انتظامات کیے گئے تھے۔ سعودی عرب نے مصر کے تعاون سے غز ہ کی پٹی کے لیے ادویات، میڈیکل سازو سامان اور دیگر امدادی اشیا کی بڑی مقدار مصر روانہ کی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ہفتے کی صبح ان طیاروں کی آمد کے لیے مصر کے العریش ائیر پورٹ پر ھنگامی اور خصوصی اقدامات کیے گئے تھے۔ یہ فضائی امدادی قافلہ خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے غزہ کے باسیوں کے لیے خصوصی تحفہ ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے گزشتہ چھ سال سے اسرائیلی محاصرے میں گھری غزہ کی پٹی کو امداد فراہم کرنے سے قبل سعودی عرب، غزہ اور مصر کے اعلی عہدیداروں کے درمیان ایک ملاقات بھی ہوئی جس میں غزہ کی مدد و تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔العریش میں ہونے والی اس ملاقات میں فلسطینی ہسپتالوں کے لیے ادویات اوردیگر ضروری اشیا کی قلت کا جائزہ لیا گیا ۔ اطلاعات کے مطابق سعودی عرب سے پہنچنے والا امدادی سامان ریڈ کراس کے زیر انتظام غزہ میں تقسیم کیا جائیگا۔