دورہ امریکہ میں گوتر یس ،سعودی عرب ہنگری کے ہم منصبوں کیساتھ مسئلہ کشمیر اٹھایا اسحاق ڈار

Feb 21, 2025

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا ایک غیر معمولی اجلاس 7 مارچ کو جدہ میں ہوگا جس میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ نائب وزیر اعظم نے اپنے تین روزہ دورہ امریکہ کے اختتام پر یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کو غزہ کے لوگوں کو مصر یا اردن منتقل کرنے اور بعد ازاں اسرائیل کی طرف سے سعودی عرب میں فلسطینی ریاست کے قیام کی تجاویز کے بعد ایران، مصر، ملائیشیا، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور ترکیہ کے ہم منصبوں کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت کے دوران تمام وزرائے خارجہ نے مارچ کے اوائل میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا فوری غیر معمولی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تاکہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جاسکے اور بین الاقوامی سطح پر او آئی سی کا موقف پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق عرب رہنما 27 فروری اور خلیجی رہنمائوں کی ملاقات 5 مارچ کو ہونی ہے جس کے بعد 7 مارچ کو جدہ میں او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا غیر معمولی اجلاس ہوگا جس میں وہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ نائب وزیراعظم نے ذرائع ابلاغ کو بتایا  مشاورت سے قبل پاکستان نے بھی نقل مکانی کی تجاویز پر سخت بیان جاری کیا ہے کیونکہ فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین پر تمام حقوق حاصل ہیں۔  محدود وسائل کے باوجود پاکستان نے امدادی سامان کی متعدد کھیپ غزہ، لبنان اور شام بھیجیں، اس کے علاوہ 200 کے قریب فلسطینی میڈیکل طلباء  کی میزبانی بھی کی تاکہ وہ پاکستانی میڈیکل کالجز میں اپنی طبی تعلیم مکمل کرسکیں۔ نائب وزیراعظم نے میڈیا کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور سعودی عرب اور ہنگری کے ہم منصبوں کے ساتھ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت کے دوران انہوں نے مسئلہ کشمیر کے ساتھ ساتھ متنازعہ علاقے میں بھارت کی طرف سے کیے گئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو بھی اٹھایا۔ نائب وزیراعظم نے پاکستانی تارکین وطن سے بھی بات چیت کی اور کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل پر اپنا موقف پیش کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان نے بار بار افغان عبوری حکومت سے کہا ہے کہ وہ ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کرے جس کی افغانستان میں پناہ گاہیں ہیں اور یہ کہ کراچی اور بشام میں چینی شہریوں پر حملوں کی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ان کی منصوبہ بندی اور مالی معاونت افغانستان سے کی گئی تھی۔

مزیدخبریں