کویت کی قومی فضائی کمپنی نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔ جمعرات کے روز ٹویٹر پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے اندیشوں کے بیچ کویت کی وزارت صحت اور شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی کی ہدایات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کویت کی بندرگاہوں نے کرونا وائرس کے سبب ایران کے لیے سمندری آمد ور رفت کا سلسلہ بھی روک دیا ہے۔
اس سے قبل جمعرات کے روز عراقی فضائی کمپنی نے ایران کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دینے کا اعلان کیا تھا۔
ایرانی وزارت صحت نے بتایا تھا کہ بدھ کے روز جن دو افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی وہ سانس کے نظام میں مسائل کے سبب فوت ہو گئے۔ وزارت صحت کے مطابق جمعرات کے روز کرونا کے تین نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ اس طرح ایران میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسوں کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔