بلاول بھٹو کیخلاف عوام دشمن سوچ رکھنے والے عناصرسرگرم ہیں : نیر بخاری
اسلام آبا(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری مطلق العنانیہ ذہنیت کے خلاف میدان عمل میں ہیں یہی وجہ ہے کہ عوام دشمن سوچ رکھنے والے عناصر بلاول بھٹو زرداری کے خلاف سرگرم ہیں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملکی، قومی اور عوامی مسائل سے لاتعلق حکمرانوں سے قوم فوری نجات چاہتی ہے۔ غیر ذمے دار حکمرانوں نے ملک کو گھمبیر معاشی حالات سے دوچار کر دیا ہے۔ اشرافیہ کو دوستانہ اور ہمدردانہ اقدامات کے ذریعے مالی فوائد پہنچائے جا رہے ہیں۔ سید نیر بخاری نے کہا کہ غریب ایک وقت کی روٹی اور مریض دوائی سے محروم کر دیا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی کسان، کاشتکار اور مزدور کش پالیسیوں کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کر رہی ہے۔ نیر حسین بخاری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کو مافیاز کے رحم و کرم نہیں چھوڑ سکتی۔