وزیر اعظم آج احساس آمدن پروگرام کا اجراء کریں گے:ڈاکٹر ثانیہ نشتر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے وزیر اعظم پاکستان عمران خا ن آج احساس آمدن پروگرام کا اجراء کریں گے۔ احساس آمدن پروگرام احساس فریم ورک کے تحت جاری کیے جانے والے پروگراموں میں سے ایک ہے۔ جس کا بنیادی مقصد پسماندہ طبقات کیلئے ذریعہ معاش کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ آمدن پروگرام میں خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے افراد کو چھوٹے اثاثے دینا شامل ہے تاکہ وہ روزگار کما سکیں اور غربت سے باہر نکل سکیں۔ پروگرام کے تحت منتقل کیے جانے والے ا ثاثہ جات میں مویشی (بکریاں، گائے اور پولڑی)، زرعی آلات، چنگچی رکشہ باڈی فریم ،چھوٹے دوکانداروں اور چھوٹے کاروباری اداروں کیلئے سامان آلات شامل ہیں۔ اس پروگرام کا بجٹ 15 بلین روپے ہے۔پروگرام کو پاکستان کے چاروں صوبوں میں 23غریب ترین اضلاع کی 375دیہی یونین کونسلوں میں شروع کیا جارہی ہے۔ اس چار سالہ پروگرام کا ہدف مستحق گھرانوں کو 200,000 اثاثہ جات مہیا کرنا ہے۔ مستحقین میں60%خواتین اور 30%نوجوان شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 1.4ملین افراد اس پروگرام سے مستفید ہونگے۔ تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویڑن کے ماتحت کام کرنے والا ادارہ ،پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف،احساس آمدن پروگرام پر عملدرآمد کاکام سرانجام دے رہا ہے احساس آمدن پروگرام کے مستحقین کی نشاندہی غربت اسکور کارڈ سروے کے ذریعے کی جائیگی۔ صوبہ پنجاب کے وہ اضلاع جہاں اس پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے ان میں ڈیرہ غازی خان، جھنگ اور لیہ شامل ہیں۔خیبر پختونخواہ کے 10اضلاع ہیں:اپر کوہستان، لوئر کوہستان، پالاس کولائی، تورغر، بٹ گرام، شانگلہ، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیر ستان، ڈیرہ اسمعیل خان، ٹانک۔بلوچستان کے تین اضلاع اس میں شامل ہیں: جھل مگسی، ڑوب اور شہرانی۔ سندھ کے اضلاع میں بدین، ٹھٹھہ، سجاول، کشمور، شکار پور، تھرپارکر اور عمر کوٹ شامل ہیں۔؎