صحافیوں کے مسائل حل کئے، اب بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ماضی میں صحافیوں کے مسائل حل کئے اور اب بھی انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جیریمی ڈیئر کی قیادت میں صحافیوں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل رانا محمد عظیم، دیگر عہدیدار اور سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ جیریمی ڈیئر نے پاکستان میں صحافیوں کے درپیش مسائل و مشکلات کے بارے میں سپیکر پنجاب اسمبلی سے تبادلہ خیال کیا اور ان کے تحفظ اور معاشی مسائل پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ ہم صحافیوں کے مسائل سے آگاہ ہیں اور ہمیشہ ان کا ساتھ دیا ہے، صحافیوں کے معاشی استحکام کیلئے حکومت میڈیا مالکان کے بقایا جات جلد ادا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جیریمی ڈیئر کا کہنا تھا کہ موجودہ قوانین کسی صورت بھی آزادی اظہار رائے پر اثر انداز نہیں ہونے چاہئیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے جیریمی ڈیئر کی موجودگی میں صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان اور سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیر سے بات کی اور فوری طور پر پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل رانا محمد عظیم کے ساتھ مل کر مسائل حل کرنے کیلئے کہا۔ قبل ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور چودھری سالک حسین ایم این اے سے گجرات سے تعلق رکھنے والی یوکے لیبر پارٹی کی پارلیمنٹرین یاسمین قریشی نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر خدیجہ عمر ایم پی اے بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں دوطرفہ رابطہ عوام مہم کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ برطانیہ اورپاکستان کے آپس میں بڑے گہرے سیاسی و ثقافتی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت آج کا پاکستان زیادہ محفوظ ہے، ہم سیر و سیاحت کے شوقین افراد کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور پاکستان کے قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوں۔ برطانوی پارلیمنٹرین یاسمین قریشی نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم برطانیہ میں پاکستان کا مثبت امیج پیش کرنے کیلئے مصروف عمل ہیں۔