تعلیمی اداروں کی 5 سے 30 لاکھ فیسیں ادا کرنیوالے غیر رجسٹرڈ 4900 افراد کا سراغ
لاہور (کامرس رپورٹر) ایف بی آر نے لاہور میں سکول، کالجز اور یونیورسٹیوں کی پانچ لاکھ سے تیس لاکھ روپے تک سالانہ فیسیں ادا کرنیوالے غیر رجسٹرڈ 4900 افراد کا سراغ لگایا ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق ان افراد کے نام، قومی شناختی کارڈز اور گھروں کے ایڈریس حاصل کرلیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی سپیشل انیشیئیٹو آمنہ حسن نے 5 سے 30 لاکھ روپے سالانہ فیس ادا کرنیوالے غیررجسٹرڈ 4 ہزار نو سو کروڑ پتی افراد کا ریکارڈ مرتب کر کے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کو بھجوا دیا ہے۔ ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ کروڑ پتی افراد کو نوٹس جاری کر کے پانچ سال کے گوشوارے، اثاثہ جات اور ذرائع آمدن کی تفصیلات طلب کی جائیں گی، ٹیکس نیٹ میں شامل ہوئے بغیر فیسوں کی مد میں لاکھوں روپے کی ادائیگی کرنیوالے والدین کو بھاری بھر کم جرمانے عائد کر کے ٹیکس وصولی کی جائے گی۔ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ ٹیکس نیٹ میں موجود کم آمدن ظاہر کرنیوالوں کا بھی ریکارڈ مرتب کیا گیا ہے جو بچوں کی آمدن سے زائد بھاری فیسیں ادا کر رہے ہیں۔